انٹرنیشنل نیوز ایک ہی پیچ پر ---------ہدف

 امریکی صدر  کا میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی 
تعمیر کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان 
واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے کانگریس کی رکاوٹ کو ختم کرنے کیلئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے 8 ارب ڈالر کے بل منظوری اور کانگریس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اختیارات استعمال کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کرونگا۔ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس ’روز گارڈن‘ سے نشر ہونے والے خطاب میں تازہ اقدام کا اعلان کیا جس کے بعد ان کے حامی اور مخالفین کے درمیان قانونی جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جبکہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے جو متوقع طور پر اس جنگ میں پہل کرے گی جو نہ صرف امریکی کانگریس کے اندر لڑی جائیگی بلکہ عدالتوں میں بھی جائے گی۔سرحد پر دیوار کی تعمیر کی اہمیت اور چین کے ساتھ تعلقات پر تفصیلی بات کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں قومی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے دستخط کرنے جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی انسانی اسمگلرز اور منشیات کے خلاف جنگ کی بات کررہے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ کانگریس کی جانب سے شٹ ڈائون کے خاتمے کو روکنے کیلئے منظور کیے گئے نئے بل پر بھی دستخط کریں گے۔نئے بل کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بل دیوار کی تعمیر کیلئے ان کی ضرورت کے مطابق 5 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم نہیں کر رہا ہے۔دوسری جانب امریکہ میں حقوق کی سب سے بڑی تنظیم امریکن سول لیبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایمرجنسی کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سرینگر، مسلمانوں پر حملے و گاڑیوں کی توڑپھوڑکیخلاف احتجاجی مظاہرہ 
سری نگر(کے پی آئی) جموں میں ہندو انتہا پسند بلو ائیوں کی طرف سے کشمیر ی مسلمانوں پر حملوں اور ان کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور ان کو نذرآتش کرنے کے خلاف سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ ٹی آر سی سرینگر سے وابستہ ڈرائیور یونین نے پریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے اور اگر جموں میں ایسی مجرمانہ حرکات پر روک نہ لگائی گئی تواحتمال ہے کہ یہاں بھی ویسے ہی حالات پیدا نہ ہو جائیں ۔جمعہ کی شام ڈرائیوں کی ایک بڑی تعداد پریس کالونی میں نمودار ہوئی اور احتجاجی مظاہرے کرنے لگے ۔احتجاجی مظاہرین نے کشمیریوں ڈائیوروں کے ساتھ انصاف کرو انصاف کروکے نعرے بلند کئے ۔ ڈرائیورں نے کہا کہ جموں کے جو بھی ڈرائیور یا پھر ان کی گاڑیاں ،جو اس وقت کشمیر میں درماندہ ہیں ،ان کی دیکھ بھال کشمیری کر رہے ہیں ،انہیں رہنے کیلئے جگہ کی پیشکش کی جاتی ہے لیکن جس طرح جموں میں کشمیرکی گاڑیوں کو جلایا گیا وہ سر ا سر ناانصافی ہے ۔ احتجاج کرنے والے ڈائیوروں کے مطابق جموں کے کچھ ایک درماندہ ڈرائیوروں کو انہوں نے اپنے پاس رکھا ہے اور ان کیلئے نہ صرف جگہ کا بندوبست کیا گیا بلکہ ان کا خرچہ بھی اٹھایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم لگاتار کشمیریت کی مثال قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جموں میں نہ صرف ڈرائیوروں کی مار پیٹ کی گئی بلکہ گاڑیوں کو بھی نذرآتش کیا گیا ۔انہوں نے جموں پولیس پر الزام عائد کیا کہ وہ بھی وہاں مجرموں کا ساتھ دے رہی ہے اور کشمیریوں کو وہاں کس بھی طرح کا کوئی بھی تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے ۔ڈرائیوروں نے اس دوران سکھ طبقہ کا شکریا ادا کیا جنہوں نے وہاں موجود کچھ ایک ڈرائیوروں کی جان بچائی ۔انہوں نے کہا کہ جموں میں کشمیری ڈرائیوروں کا کوئی اتہ پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں ۔ان کی گاڑیوں کا کیا ہوا ،ان کے فون لگاتار بند آرہے ہیں ۔انہوں نے ریاستی سرکار کو انتبا دیا ہے کہ اگر جموں میں ان کے ڈرائیوروں کے ساتھ اور کچھ ایسا ہوا تو ہم اس کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔احتجاج میں شامل جموں کے ایک ڈرائیور نے جموں کی عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیری گاڑیوں کو نہ جلائیں اور کشمیریوں کو تحفظ فراہم کریں ۔مذکورہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر میں درماندہ ہیں لیکن ان کیلئے کشمیریوں ڈرائیورں نے ہر طرح کا انتظام کر کے رکھا ہے ۔
  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 افغانستان میں امریکا اپنی فوجی استطاعت کو کم کرسکتا ہے 
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایک امریکی جنرل نے کہا ہے کہ اگرچہ ابھی امن سے متعلق مذاکرات تک نہیں پہنچے ہیں لیکن افغانستان میں امریکا اپنی فوجی استطاعت کو کم کرسکتا ہے اور یہ کمی ایک ہزار فوجیوں تک ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کانگریس میں مذاکرات کار کی جانب سے طالبان کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت کو دیکھتے ہوئے افغانستان سے امریکی فورسز کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عظیم قومیں کبھی نہ ختم ہونے والی جنگیں نہیں لڑتیں‘۔تاہم امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا تھا کہ افغانستان میں موجود 14 ہزار امریکی فوجیوں میں سے کچھ کی کمی کے فیصلے کا امن مذاکرات کی ان کوششوں سے تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آرمی جنرل اسکاٹ ملر کی کوششوں کا حصہ تھا، جو ستمبر میں 17 سال سے زائد اس جنگ کو دیکھ رہے ہیں تاکہ امریکی وسائل کا بہتر استعمال کیا جاسکے۔جوزف ووٹل نے عمان کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں کہا کہ ’یہ کچھ ایسا ہے، جو انہوں نے وہاں شروع کیا اور یہ دیکھ رہے ہیں ہم کس طرح موثر اور فعال ہوسکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سعودی عرب قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 26 لاکھ 26 ہزار 580 غیر ملکی گرفتارکئے گئے ہیں

ریاض (اے پی پی) سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہےکہ 26صفر 1439ھ سے لے کر 9جمادی الثانی 1440ھ تک اقامہ و محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 26 لاکھ 26 ہزار 580 غیر ملکی گرفتارکئے گئے ہیں۔ ان میں سے 20 لاکھ 46 ہزار421 اقامہ، 401804محنت اور 178355 سرحدی سلامتی قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑے گئے۔ 44133 مملکت میں دراندازی کر تے  ہوئے اور 1893 مملکت سے سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار کئے گئے۔ مملکت میں دراندازی کرنے والے 51فیصد یمنی، 46فیصد ایتھوپین اور 3فیصددیگر ممالک کے تھے۔ اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اقامہ محنت اور سرحدی سلامتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے اورٹرانسپورٹ فراہم کرنے میں ملوث3382افراد پکڑے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارتی ہائی کمشنر کو فوری ملک بدر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع  
لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بھارتی ہائی کمشنر کو فوری ملک بدر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے کا الزام پاکستان سے جوڑنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔پاکستان بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے،بھارت کی جانب سے ہر واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانا وطیرہ بن چکا ہے۔قابض بھارتی فوج گزشتہ 7دہائیوں سے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے ۔لیکن بھارتی حکومت آزادی کی تحریک چلانے والوں کو دہشتگرد کا نام دیتی آئی ہے۔یہ ایوان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے ۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن جماعتیں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں  آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد ہلاک  
لکھنئو (اے پی پی) بھارتی ریاست اترپردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش سے بڑے پیمانے پرفصلوں کونقصان پہنچا جبکہ آسما نی بجلی گرنے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق تھانہ ارول کے موضع منصور پور میں ایک شخص کی آخری رسوم کی ادائیگی کے لئے جانے والوںپر بجلی گری جس سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔اس سے افراتفری مچ گئی لوگ لاشیں چھوڑ کر ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ بجلی گرنے سے 10 افراد بھی بری طرح جھلس گئے ۔ بجلی گرنے کا دوسرا واقعہ فرخ آباد میں پیش آیا جہاں 2 افراد موت اورپانچ بری طرح جھلس گئے۔
                                    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 ایران نے امریکا سے  ایٹمی  مذاکرات کا امکان  مسترد کردیا 
تہران (اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کردیا۔میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے بعض عہدیدار ایران کے خلاف جنگ کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ ان کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔انہوں نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر13برس تک مذاکرات ہوئے ہیں، ٹرمپ جو بین الاقوامی معاہدوںکی پابندی نہیں کرتے،ان پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے متعدد بین الاقوامی معاہدوں سے امریکہ کی علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب دوبارہ مذاکرات نہیں کرے گا اور امریکہ کے ایسے صدر پر اعتماد نہیں کرے گا جو اپنے ہی دستخط کے بھی پابند نہیں ہیں۔
                                      مسترد کردیا 
اور اپنی رائے سے آگاہی دیں اس پیچ کے حوالے سے



Comments

Popular posts from this blog

تھانہ صادق آباد اور نادرا سنٹر کے احکام کے سامنے سادہ عوام کو لوٹا جارہا ہے

راولپنڈی:پٹواری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار