سندھ کے گندم نہ خریدنے سے آٹے کی قیمت بڑھی،محبوب سلطان

اسلام آباد (ہدف اپ ڈیٹ) وزیر خوراک صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سستے داموں آٹا، گھی، چاول اور دالوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ ہماری حکومت گیس نرخ کی مد میں تندوروں پر ایک ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ سندھ حکومت کی طرف سے گندم نہ خریدنے کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے پنجاب کے بڑے شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت810 جبکہ سندھ میں 1100 ہے۔ دسمبر میں سندھ کی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں اپنے معمول پر آ جائیں گی۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ خیبر پختونخوامیں 20کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت 981 روپے اور بلوچستان میں 970 روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلا فروخت ہو رہا ہے۔ سندھ میں گوداموں میں موجود گندم استعمال میں نہ لانے کے باعث آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ، خیبرپختونخوا کو 4 . 5 لاکھ ٹن اور سندھ کیلئے بھی 4 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی جاری ہے۔ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ گندم کی 25 ملین ٹن ضرورت اور 27 ملین ٹن موجود ہے،انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت 30 ہزار ارب کا جو قرض چھوڑ کر گئی ہم اس پر قومی آمدن کا 50 فیصد سود دے رہے ہیں۔ بلوچستان کی طرف سے 50ہزار ٹن ڈیمانڈ تھی انہیں بھی گندم فراہم کی جائیگی۔ سندھ اور پنجاب ملک کی گندم پیدا کر تے ہیں لیکن سندھ نے گزشتہ سال گندم کا ایک دانہ بھی نہیں خریدا جبکہ وفاق کو سندھ کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ہم 16 لاکھ ٹن گندم خریدیں گے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی وجہ بلوچستان کی فصل کا ختم ہو نا اور سندھ کی ٹماٹر کی فصل ابھی مارکیٹ میں نہ آنا ہے،ہر سال اس سیزن میں قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے،دسمبر کے پہلے ہفتے میں سندھ کی ٹماٹر کی فصل مارکیٹ میں آجائے گی جس سے قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ایران سے بھی ٹماٹر تین سے چار ہفتے کیلئے ضرورت کے مطابق امپورٹ کی اجازت دے دی ہے،سندھ میں اس سال ٹماٹر کی بمپر فصل متوقع ہے۔ ملک میں تیس سال کے بعد ٹڈی دل کا حملہ ہوا ہے اس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے کھاد ساز کمپنیوں کے منافع کی شرح زیادہ ہے آنے والے سالوں میں کھاد کی قیمتیں زیادہ ہو نے کی بجائے کم ہوںگی،ملک میں سرکاری منڈیاں بنانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔
                                    


Comments

Popular posts from this blog

تھانہ صادق آباد اور نادرا سنٹر کے احکام کے سامنے سادہ عوام کو لوٹا جارہا ہے

راولپنڈی:پٹواری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار