جنگ جیو پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریں گے، حاجی حنیف طیب میرشکیل الرحمان رہائی احتجاجی کیمپ سے دوست محمد فیضی، یوسف مستی، سعدیہ جاوید اور دیگر کا خطب


کراچی (ہدف نیوز ) جنگ جیو پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، میڈیا کی آزادی کیلئے صحافیوں اور کارکنوں کے شانہ بشانہ ہر ہر فورم پر احتجاج کریں گے، نیب نے میرشکیل الرحمان کو غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا ہوا ہے، اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ایم این اور سربراہ نظام مصطفی پارٹی حاجی حنیف طیب، سابق ایم این اے دوست محمد فیضی، عوامی ورکرز پارٹی کے صدر یوسف خان مستی، صدر ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان عاطف بلو، پیپلز پارٹی کی ایم پی اے سعدیہ جاوید، پاکستان مسلم لیگ (ن) منارٹی ونگ سندھ کے سینئر نائب صدر سلیم انجم، پیس انٹرنیشنل کے جاوید یوسف، قومی وطن پارٹی سندھٓ کے چیئرمین عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، جیو کراچی کے بیورو چیف فہیم صدیقی، اخبار جہاں کے سینئر ایڈیٹر خالد فرشوری، ایکشن کمیٹی کے اراکین دارا ظفر اور رانا محمد یوسف نے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کے خلاف 34  سالہ پرانا پراپرٹی کا کیس کھود کر نکالا گیا۔ اس کیس پر عقل بھی دنگ ہے، میرے میرخلیل الرحمان صاحب سے برسوں پرانے تعلقات تھے جو حق اور سچ ان میں تھا وہی ان کے بیٹے میں بتدریج موجود ہے یہ لوگ آزادی صحافت کے علمبردار تھے اور ہیں۔ شاید حکومت اس چیز کی سزا انہیں  دے رہی ہے۔ جنگ سے بڑے بڑے نگینے نکلے ہیں جنہوں نے میڈیا انڈسٹری میں اپنا نام بنایا۔ اس ادارے سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے، موجودہ حکومت ظلم نہ کرے لوگوں سے روزگار نہ چھینے۔ میر شکیل کو فوری رہا کیا جائے۔ دوست محمد فیضی نے کہا کہ کوئی صبح ایسی نہیں ہوتی جب جنگ اخبار کا مطالعہ نہ کرتا ہوں، جنگ اخبار کی خبروں کی سچائی پر یقین ہے اور رہے گا۔ پاکستان کے علاوہ بھی دنیا بھر میں یہ اخبار اپنی سچائی کی وجہ سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ اس نے ہمیں حق اور سچ کا شعور بخشا ہے۔ آج اسی شعور کی بناء پر احتجاجی کیمپ میں شرکت کیلئے آیا ہوں تاکہ اپنا حق ادا کرسکوں، میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مزمت کرتا ہوں اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔ یوسف خان مستی نے کہا کہ طالعہ آزمائوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ اپنی سرکشی سے باز آجائیں حق اور سچ کی راہ روکنے کی کوشش نہ کریں۔ جنگ اور جیو حق اور سچ کی آواز ہے اس کو دبانے کی کوشش کی گئی تو جہاں ہماری جماعت اس ملک کے غریب مزدور، کسانوں اور پسے ہوئے طبقے کیلئے آواز بلند کررہی ہے تو وہاں ہم اپنی تحریکوں میں میرشکیل الرحمان کی رہائی کی تحریک بھی شامل کردیں گے۔ میرشکیل کی گرفتار غیرآئینی اور غیرقانونی ہے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ جاوید یوسف نے کہا کہ ہم کشکول لیکر آئیں ہیں اور حکومت سے میرشکیل الرحمان کی رہائی کی بھیک مانگتے ہیں۔ ہمارے اس کشکول میں میڈیا کے اشتہارات کی مد میں واجب الادا رقم ڈال دیں تاکہ میڈیا کے کارکنان کو تنخواہوں کا سلسلہ شروع ہوجائے۔ سعدیہ جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتی ہے ہمارے چیئرمین اور کوچیئرمین نے بھی میر صاحب کی بلاجواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تمام سیاسی، مذہبی اور دیگر طبقے کے لوگ میڈیا کی آزادی کیلئے جنگ اور جیو کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں اب حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں وہ اپنا بوریہ بسترا تیار کرلے۔ عاطف بلو نے کہا کہ بلاثبوت ایک بزنس مین کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہیں۔ نیازی صاحب میرشکیل الرحمان حق اور سچ کی پہچان ہیں وہ جس میڈیا گروپ سے تعلق رکھتے ہیں اس کی سچائی پر اندرون اور بیرون ملک پاکستان کے لوگ بھروسہ اور اعتماد کرتے ہیں۔ احتساب ان لوگوں کا ہونا چاہئے جنہوں نے آٹا اور چینی بحران پیدا کیا اور اربوں روپے راتوں رات بنا لئے۔ ملک کے شریف اور باعزت افراد کو بدنام کرنے کے بجائے پہلے اپنے ارد گرد کے لوگوں کا تو احتساب کرلو۔ آخر میں خالد فرشوری نے میرشکیل الرحمان کی رہائی کیلئے شرکاء کو نظم پڑھ کر سنائی۔

Comments

Popular posts from this blog

تھانہ صادق آباد اور نادرا سنٹر کے احکام کے سامنے سادہ عوام کو لوٹا جارہا ہے

راولپنڈی:پٹواری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار