کاربن کریڈٹ کی فروخت KPK کو ایک ارب درختوں کی قیمت مل جائیگی


اسلام آباد ( ہدف نیوز ) وزارت موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں سابقہ دور حکومت میں لگائے گئے ایک ارب درختوں کا کاربن کریڈٹ عالمی منڈی میں بیچنے کا فیصلہ کیا ہے،وزارت کے ذرائع کے مطابق اس وقت عالمی منڈی میں کاربن کریڈت کی قیمت 4 ڈالر فی میٹرک ٹن بتائی جاتی ہے، اگر خیبر پختونخوا میں لگائےگئے ایک ارب درختوں کا کاربن کریڈٹ بیچا جائے تو اس سے حاصل ہونیوالی رقم سے ایک ارب درخت لگانے کی قیمت نکل آئیگی، خیبر پختونخواحکومت نے 6لاکھ ہیکٹر رقبہ پر جنگلات لگانے کا عہد کیا ہے ،اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق مذکورہ جنگلات سے 120 ملین ڈالر کے معاشی فوائد حاصل ہونگے جبکہ کاربن کریڈٹ سے حاصل آمدن اسکے علاوہ ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق مجوزہ جنگلات 0.4 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرینگے، کاربن کریڈٹ سے مراد ایسی کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس ہے جو ملک یا ادارے جنگلات لگا کر جذب کرتے ہیں، اسی طرح ایسے ملک یا صنعتیں جو بڑے پیمانے پر ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس خارج کر رہے ہیں انہیں گیس کے اخراج میں کمی کے اہداف کا سامنا کرنا پڑتا ہے بصورت دیگر انہیں ایسے ملکوں یا اداروں سے جو جنگلات لگا کر یا دیگر ذرائع سے کمی کرتے ہیں، وزارت کے ذرائع کے مطابق کاربن کریڈٹ کا سرٹیفکیٹ خریدنا پڑتا ہے تاہم کاربن کریڈٹ کا اجراء آسان کام نہیں، اس کیلئے کہنہ مشق ماہرین اور عالمی کمپنیوں کی مدد درکار ہوتی ہے،ایک دفعہ کاربن کریڈٹ تخلیق ہو جائے تو اسکی خرید و فروخت بذریعہ سٹاک مارکیٹ ہوتی ہے، وزارت نے اس ضمن میں معاون کمپنی سے بات چیت شروع کردی ہے، امید ہے کہ کنسلٹنٹ کمپنی 3 سے 6 ماہ میں اسکی فزیبلٹی رپورٹ حکومت کو فراہم کر دیگی، وزارت موسمیاتی تبدیلی اس عمل سے حاصل شدہ تجربہ کی بنیاد پر 10 ارب درختوں کے کاربن کریڈٹ کی فروخت کا بھی ارادہ رکھتی ہے، اگر وزارت ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو نہ صرف اس سے جنگلات اگانے کی قیمت واپس مل جائیگی بلکہ ماحولیاتی فوائد کیساتھ ساتھ اضافی آمدن کا بھی قوی امکان ہے، وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی حسن ناصر جامی سے جب رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پورا سسٹم بنا رہے ہیں ، ایکسپرٹ بلائے ہیں ، تین ماہ میں ایک فریم ورک بناکر اسکو آگے لے جایا جائیگا، اس بارے میں صوبوں کو بھی آن بورڈ لے رکھا ہے ۔

Comments

Popular posts from this blog

تھانہ صادق آباد اور نادرا سنٹر کے احکام کے سامنے سادہ عوام کو لوٹا جارہا ہے

راولپنڈی:پٹواری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار